Nazam - Yehee Woh Akhri Hud Hai

April 28, 2007 on 9:10 pm | In Poetry | 1 Comment

یہی وہ آخری حد ہے

یہی وہ آخری حد ہے

جہاں سے ساتھ دینے کی ادائیں لوٹ آتی ہیں

جہاں سے زندگی کی سب دعائیں لوٹ آتی ہیں۔

جہاں پر حوصلے دیتی نصیحت کچھ نہیں ہوتی

جہاں الفاظ میں گندھی سی ندرت کچھ نہیں ہوتی۔

یہی وہ آخری حد ہے۔

کہ جس کے پار چلے جانے والے ایسے جاتے ہیں

کہ چاہے کتنے بھی آنسو بہا لیں ، گڑ گڑا لیں ہم۔

پلٹ کر وہ نہیں آتے۔

یہی وہ آخری حد ہے۔

جہاں پر دوست کا دستِ عنایت چھوڑنا ہی ہے۔

جہاں پر ہم رکابی کے ارادے بے معانی ہیں۔

جہاں سے زندگی کو اُلٹے قدموں دوڑنا ہی ہے۔

جہاں ہر سمت پر بس موت ہی کی حکمرانی ہے۔

یہی وہ آخری حد ہے۔

کہ جس کے پار جانے والے کو کتنے ہی پیارے ہوں۔

ہمیں اک بار پلٹ کر بھی صدا دے نہیں سکتا۔

فقط اک بار پلٹ کر بھی دعا دے نہیں سکتا۔

ہمارے کپکپاتے لب ،  ہماری بھیگتی پلکیں

ہمارے  دستِ لرزیدہ، ہماری اشکبار آنکھیں

چلو اِن کی زبانوں کو ملا کر اک دعا مانگیں!

’یہی وہ آخری حد کامسافر ہے  میرے اللہ!

تو اپنی خاص رحمت سے ، اسے جنت مکاں کرنا۔۔‘

سنو! اشکوں کے سائے سے نکلتی ہوئی دعاؤں کی

کوئی سرحد نہیں ہوتی۔

چلو سب اپنے اشکوں کو دعا میں ڈھال لیتے ہیں۔

Ghazal - Yeh Dil e Sabar Kanaan Aur Woh Sitam Paysha Nigah

April 28, 2007 on 9:09 pm | In Poetry | No Comments

غزل

ایسے پر درد تعلق کا ہمیں غم ہے کہ آہ

یہ دلِ صبر کناں اور وہ ستم پیشہ نگاہ

پھر سے سہمے کہیں، جاتے ہیں اُمیدوں کے گلاب

پھر سے نکلی ہے کسی شخص کی یادوں کی سپاہ

تو نے ہی بارِ گراں غم کا اُٹھایا  تھا کبھی

سو گلہ اب دلِ مضطر کا نہ کر، وعدہ نباہ

سفرِ عشق میں ہمراہی بہت مشکل ہے

کہ کسی شخص کی منزل ہے کسی اور کی راہ

کتنی دلکش تری دنیا ہے مگر دارِ فنا

کتنا روشن یہ تیرا دن ہے مگر، رات سیاہ

Next Page »

Presentation of Urdu Poetry Forum - Get RSS Feed: Entries and comments feeds. ^Top^